خبرنامہ

پنجاب حکومت اوور سیز پاکستانیوں کو وی آئی پیز کا درجہ دیتی ہے‘ رانا مشہود

لاہور(آئی این پی)وزیرتعلیم و چیئر پرسن ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹی لاہوررانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت اوور سیز پاکستانیوں کو وی آئی پیز کا درجہ دیتی ہے،سمندرپار رہنے والے ہم وطن پاکستان کے حقیقی سفیر ہیں اور قومی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے۔اوور سیز پاکستانیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او پی سی وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت اب تک ہزاروں اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ کر چکا ہے اور اس کی ضلعی سطح پر قائم کمیٹیاں بھی موثر اور بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ اور کمشنر او پی سی افضال بھٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے بزنس فرینڈلی پالیسیاں ترتیب دی ہیں۔ اور اوور سیز پاکستانیوں کے لئے صوبے میں توانائی، زراعت،لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ، مائنز و منرلز، انفرا سٹرکچر اور ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں۔شمائل خواجہ اور افضال بھٹی نے بتایا کہ پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھر پورفنی وعملی معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ او پی سی صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششوں کا ایک اہم اور لازمی حصہ ہے۔انہوں نے تقریب میں موجود اوور سیز پاکستا نیوں سے کہا کہ وہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ایڈیشنل ڈی جی او پی سی احمد مبین نے بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی جائیدادوں اور جان و مال کے تحفظ کویقینی بنایا گیا ہے۔اس موقع پر اوور سیز پاکستانیوں کو او پی سی کے طریقہ کاراورپنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کے متعلق ڈاکومنٹریز بھی دکھائی گئیں۔ تقریب میں سینکڑوں اوور سیز پاکستانیوں کے علاوہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، سرکاری افسران اور ڈسٹرکٹ اوور سیز کمیٹیوں کے چیئر پرسنز بھی شریک ہوئے۔